Thursday 17 June 2021

Parwardigar mareez ko khwaten se bacha .Article 81



پروردگار مریض کو خواتین سے بچا

تحریر :اظہر عزمی

بیماری دکھی زندگی کے ساتھ یے ۔ بس دعا کریں کہ مریض کی کہانی عورتوں کے ہاتھ نہ لگے ۔ بہتر ہے کہ مریض غسال اور گورکن کے ہاتھ لگ جائے ۔ ایک بار کا غسل و کفن ہی تو ہوگا ۔ جہاں کہانی عورتوں کے ہاتھ لگی سمجھیں گھر ، خاندان یا آس پڑوس کی کوئی نہ کوئی طبیبہ علاج کے نام پر وہ قبر کشاں قصے اور عدم صحت یابی کے نقصے ( نسخے ) تجویز کرتی ہیں کہ مریض کہہ اٹھے ۔
جان کیا جسم سے نکلی کوئی ارماں نکلا
ہمارے ایک جوان رشتے دار کو پیٹ کے معمولی درد اور اینٹھن نے آلیا ۔ صبح آفس جانے کی ہمت نہ ہوئی چھٹی کر لی ۔ بیوی اور ماں نے دوپہر بھر میں یہ بات آگ کی طرح پھیلا دی ۔ ماں نے پڑوسن خالہ کو بتا دیا :
رات بھر میرا ارشد مچھلی کی طرح تڑپا ہے ۔ بیوی کو تو رتی برابر خیال نہیں ۔ سکون سے پڑی سوتی رہیں ۔
بیوی نے حسب عادت میکے فون کیا اور بپتا سنا دی : امی ارشد کی طبیعت رات کو بہت خراب رہی ۔ رات ان کی امی نے چھولے کا سالن بنایا تھا ۔ وہ کھایا اور پھر رات بھر وہ ڈکاریں آئی ہیں ۔ گیس اتنی تھی کہ پوچھیں ناں ۔
ماں نے بھی جل کر کہا : تمھاری ساس کو کھانا پکانا ہی کہاں آتا ہے ۔ بیگار ٹالتی ہیں تب ہی تو بیمار ڈالتی ہیں ۔
میں آ جاتی مگر رات سے طبعیت اچھی نہیں ۔ میں ممانی جان کو بھیجتی ہوں طبیعت کا پوچھنے کے لئے ۔ ڈاکٹر کو تو دکھا دیا ہے ناں ؟
بیوی : نہیں اب طبیعت پہلے سے بہتر ہے ۔ شام کو دکھا دیں گے ۔ لیجئے صاحب مریض کی موت آثار طبیبائیں آیا چاھتی ہیں ۔سب سے پہلے برابر والی خالہ آئیں ۔ ان خالہ کا طرہ امتیاز یہ ہے کہ ان کی پوٹلی میں ہر بیماری سے مرنے والوں کے وہ تازہ تازہ کفن سوز و دفن خراش واقعات ہوتے ہیں کہ مریض " موت کے بعد کا منظر " جیسی کتاب پڑھ کر سانسیں گننے بیٹھ جائے اور گھر کی گھنٹی بجنے کو بھی موت کی دستک سمجھے ۔ خالہ نے آتے ہی ارشد کے رونگھٹے کھڑے کر دیئے : جیسے تم بتا رہے ہو ناں کہ پیٹ میں ہلکا سا درد اور اینٹھن ہوئی ۔ بس ہمارے ماموں صغیر کے داماد کے ساتھ بھی بالکل ایسا ہی ہوا ۔ ( دونوں ہاتھ پھیلا کر ) کیا کڑیل جوان تھا ۔ رات بیوی سے بولا کہ پیٹ میں درد ہے ۔ اس نے اسپغول گھول کر پلا دیا ۔ کچھ دیر کے بعد جو طبیعت بگڑی پھر تو وہ ہاتھوں سے نکلا جائے ۔ اسپتال لئے گئے ۔ اللہ جانے کہاں کا انجیکشن کہاں گھونپا ۔ ایسا لیٹا کہ پھر اٹھ نہ پایا ۔ راشد کے تو پسینے چھوٹ گئے گھبرا کر کہا : خالہ بھلا چھولوں سے بھی کہیں ایسا ممکن ہے ۔ خالہ : نہیں تو ماموں صغیر کے داماد نے کوئی بم۔کا گولا کھا یا تھا ۔ گھر کا پکا ہی کچھ کھایا ہو گا ۔۔۔ اور یہ بھی بتا دوں یہ چھولے اولے تو موت کا بہانہ ہیں ۔ جس کی آئی ہے ، آئی ہے ۔ ماں سے بھی برداشت نہ ہوا : اے خالہ تم عیادت کو آئی ہو ۔ میرے منہ خاک کیا تعزیت کرنے کو ۔ خالہ نے برقع سر پر رکھتے ہوئے کہا : ہم تو سمجھانے آئے تھے ۔ سنا ہے قیامت کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ جوان زیادہ مریں گے ۔ خالہ تو چلی گئیں مگر ارشد کو لگا کہ پیٹ کا درد گلے تک لہنچا ہے ۔ عیادت رسم دنیا تھی " نہیں آتے تو کیا جاتا "
تمھارے پوچھ لینے سے نہ جی جاتے نہ مر جاتے شام سے پہلے ممانی جان بھی آدھمکیں ۔۔ لوگ دعائیں مانگتے ہیں کہ ان کو کسی کی بیماری کی بھنک نہ پڑے مگر ان کا بیمار تلاش ریڈار نہ جانے کتنا جدید و شدید ہے کہ مریض نکال لاتا ہے مگر آج تو یہ باضابطہ دعوت پر آئیں تھیں ۔ یہ طبیبہ ہونے کے ساتھ ساتھ وکیلانہ مزاج بھی رکھتی ہیں ۔ مرض کی تشخیص کو جرم کے خانے میں رکھ کر تفتیش بہ انداز تشویش و تشکیک پر یقین کامل رکھتی ہیں اور کسی طور مریض کو شک کا فائدہ دے کر صحت یاب ہونے کی کوئی آس نہیں دلاتیں ۔ مریض سے وہ جرح کرتی ہیں کہ مریض جراعت کو زیادہ آبرومندانہ سمجھے ۔ سوالات در سوالات سے مریض کو اپنے مرض سے زیادہ اپنے کردار پر شک ہونے لگتا ہے ۔ ان طبیبہ کی ایک افضلیت یہ بھی ہے کہ ان کے مرحوم سسر دیواری حکیم تھے جو امراض خبیثہ کے ناکام علاج کے کامیاب معالج تسلیم کئے جاتے تھے ۔ جب وہ دیکھتی ہیں کہ مریض کسی طرح ان کے ہاتھ نہیں آرہا تو ہاتھ پکڑ کر نبض پر ہاتھ رکھ دیتی ہیں : نبض تو مریل گھوڑے کی لنگڑی چال چل رہی ہے ۔ راشد : ممانی جان نبض میں گھوڑا کہاں سے آگیا ؟ توبیبہ : ( طنزیہ مسکراہٹ سے ) نبض کا نو مرتبہ چلنا دیکھا جاتا ہے ۔ پہلی تین سر سے سینے تک ، دوسری تیں پیٹ تک اور آخری تین نیچے کی ۔۔۔ کچھ سمجھے کہ نہیں ۔ تمھاری بیچ کی تین چالیں ٹھیک نہیں ۔ راشد شرمندہ سا ہو گیا : کیا ہو گیا ممانی جان ؟ نبضوں کا بھی چال چلن ہوتا ہے ۔ ممانی جان : حکمت کے یہی تو راز ہیں جو ڈاکٹری بھی نہیں سمجھ سکتی ۔ تم تبخیر معدہ کا شکار ہو ۔ ہمارے سسر کہا کرتے تھے تخیر معدہ ہو تو تسخیر مرض میں تاخیر تقصیر سے کم نہیں ۔ دوا اکسیر تب یی یے جب وقت پر دی جائے ۔ لاکھ دوا پھانکے جاو تاثیر میں تدبیر کی کوئی صورت نکلتی نہیں ۔ پیٹ کے مرض کو تو ویسے بھی ام الامراض کہا جاتا ہے ۔ راشد کی ماں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا : یہ کیا آپ اول فول بک رہی ہیں ؟ ممانی جان : اول فول بکنے میری جوتی ۔ تم دیکھ لینا اس کو ہرنیا ہے اور کوئی بعید نہیں کہ جگر میں سوزش نے بھی آلیا ہو ۔ تین چار امراض کا یک دم ورد جسم سنکر ارشد کے پیٹ میں گڑ گڑ شروع ہوگئی ۔ لاکھ کوشش کے بعد وہ گڑ گڑ باہر آگئی اور فضا میں ایک بو پھیل گئی ۔ ممانی جان نے جو ناک کے نتھنے پھیلا پھیلا کر بو سونگھی تو پورے یقین سے کہا : رات جو چھولے کھلائے وہ کچے اور تین چار فصل ہرانے تھے ۔ بو بتا رہی ہے کہ اس کے جگر میں سوزش کے ساتھ ساتھ گردے میں پتھری بھی ہے ۔ ایک آنت میں پھپوند بھی لگ گئی ہے ۔ ممانی جان ۔۔۔ پہلی عالمی ریاح شناس طبیبہ ممانی جان کے یہ انکشافات سننے کے بعد مغرب کے بڑے بڑے تحقیقی اداروں کی ناکوں میں نکیل ڈالنے کی ضرورت ہے ۔ ایک ٹن تنہا عورت جس نے کبھی کسی میڈیکل کالج کا منہ نہ دیکھا ہو ۔ ریاح شناسی کے ذریعے کھایا پیا بتانا اور امراض کی تشخیص کرنا ممانی جان کی ایک ایسی خوبی ہے جس پر ہم پاکستانی جتنے بھی اپنے نتھنے پھلائیں وہ کم ہے ۔ بس عزت داروں کے لئے ایک بڑی اہم بات یہ ہے کہ ممانی جان کے سامنے رہا خارج نہ کی جائے ورنہ ان کی جانب سے سب کچھ کھول دینا خارج از امکان نہیں ۔
ماحول میں امراض کے امکانات بڑھتے دیکھکر بیوی نے ممانی جان کو چلتا کیا ۔ ارشد نے ماں اور بیوی کی طرف دیکھ کر کہا : اب میں مر بھی جاؤں تو خالہ اور ممانی جان کو نہ بلانا ۔ اب ارشد صاحب کو کون بتائے کہ مرنے کے بعد جنازے پر پٹس ڈالنے والی خواتین بالکل الگ ہوتی ہے ۔ وہ رونا پیٹنا مچاتی ہیں کہ گھر والے خود کہہ اٹھیں : اب رہنے بھی دو ۔ 
ماحول میں امراض کے امکانات بڑھتے دیکھکر بیوی نے ممانی جان کو چلتا کیا ۔ ارشد نے ماں اور بیوی کی طرف دیکھ کر کہا : اب میں مر بھی جاؤں تو خالہ اور ممانی جان کو نہ بلانا ۔ اب ارشد صاحب کو کون بتائے کہ مرنے کے بعد جنازے پر پٹس ڈالنے والی خواتین بالکل الگ ہوتی ہے ۔ وہ رونا پیٹنا مچاتی ہیں کہ گھر والے خود کہہ اٹھیں : اب رہنے بھی دو ۔ 
#AzharHAzmi 

No comments:

Post a Comment

عمر بڑھ جائے تو ایک محترمہ سے بچ کر رہیں . Article 91

Article # 91 رنج و مزاح  عمر بڑھ جائے تو ایک محترمہ سے بچ کر رہیں  تحریر : اظہر عزمی ہمارے ایک دوست بہت دلچسپ ہیں ۔ گفتگو میں آخر تک تجسس و ...