Thursday 17 June 2021

Har pata batanay wala . Naseer Chameea.Article 80


 

ہر پتہ بتانے والے ۔۔۔۔ نصیر جھمیا
ایسا پتہ بتایا کہ سب کو پتہ چل گیا

تحریر : اظہر عزمی

آج کل ایک اشتہار کی ٹیگ لائن ہے " ہر پتہ ہمیں پتہ ہے " ۔ میں جب بھی یہ دیکھتا ہوں تو بے ساختہ نصیر جھمیا کا چہرہ نظروں کے سامنے آکر رونے لگتا ہے ۔ پہلے تو یہ بتا دوں کہ جھمیا ان کی عرفیت تھی جو ان کی چڑ بھی تھی ۔ وجہ یہ تھی کہ وہ اپنے طور ہر تو چ بولتے تھے لیکن آپ جتنا کان ، دماغ لگا کر سن لیں ۔ سننے میں ج ہی آتا تھا ۔ تھوڑا سا لہرا کر چلتے تھے اس لئے ان کے ہم عمر دوستوں نے ان کا نام چھمیا رکھ دیا لیکن ایک دوست کے کہنے پر چ کا حرف ادا نہ ہونے پر نصیر جھمیا کہلائے ۔ نصیر جھمیا بڑے بڑبتو تھے ۔

نصیر جھمیا ہم سے عمر میں بڑے تھے ۔ دبلے پتلے ، لجلجے اور اس پر عجیب رنگوں کی شرٹ پہن لیا کرتے ۔ اس پر شخصیت اور سہ آتشہ ہو جاتی ۔ ہم آٹھویں میں تھے اور وہ نئے نئے کالج گئے تھے ۔ نصیر جمھیا کا اپنے دوستوں میں بہت مذاق اڑتا تھا ۔ اس لئے وہ ہمارے گروپ میں بیٹھتے اور کالج اور اس کے سامنے گرلز کالج کے ہوشربا قصے سناتے جس سے یہ محسوس ہوتا کہ گرلز کالج کی ہر لڑکی نے کالج میں داخلہ صرف دیدار نصیر کے لئے لیا ہے ۔
قصہ ہوشربا ہونے کے ساتھ دلربا بھی ہو تو دائیں آنکھ بند کر لیتے اور ہونٹوں پر ہلکی زبان پھیرتے جاتے ۔ ہمارے لئے بھی اس زمانے میں کالج ایک خواب ہی تھا اور نصیر جھمیا ہم دوستوں کو روزانہ پری نگری کی فری سیر کرا دیتے ۔ نصیر جھمیا کی شخصیت اتنی متنوع اور دلچسپ تھی کہ ہوری کتاب سپرد قلم کی جا سکتی ہے ۔ ہہاں صرف ان کا ایک وصف بیان کرنا مقصود ہے جو اب مفقود ہوتا جارہا ہے اور وہ ہے پتہ بتانے کا شوق ۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ راستے بھر باتیں کرنے کا موقع جو مل جاتا ۔

سہ پہر کا وقت ہے ہم چار پانچ لڑکے بھائی مختار کی سیڑھیوں پر بیٹھے ہیں ۔ سامنے سے ایک ادھیڑ عمر کے صاحب اپنی برقع پوش اہلیہ کے ساتھ ہمارے پاس آکر رکتے ہیں : کیا آپ سے ایک پتہ پوچھ سکتا ہوں ؟ نصیر جھمیا نے ہم میں اپنی طویل العمری اور قلیل العقلی کے ناطے پوچھا : بوجھیں خالو ؟ ( ہمارے زمانے میں ماں باپ کی عمر کے سب لوگ خالہ خالو ہوا کرتے تھے ) وہ صاحب پوچھ رہے تھے اور یہ کہہ رہے تھے بوجھیں ۔ میں نے ان صاحب کہا : نصیر بھائی کہہ رہے ہیں پوچھیں ۔ ( نصیر جھمیا کو ان کی موجودگی میں ہمیشہ نصیر بھائی کہا ) ۔

نصیر بھائی سیڑھی سے اٹھے ، جینز کی پینٹ جھاڑی ۔ اس کا مطلب ہے کہ پتہ کوئی بھی ہو وہ بوجھ نکالیں گے : خالو دو مشتاق صاحب رہتے ہیں ۔ صاحب نصیر جھمیا کی پوچھ کو بوجھ چکے تھے ۔ ایک نظر ااپنی برقع ہوش اہلیہ کو دیکھا اور ہاتھ کے اشارے سے پوچھا کہ کون سے والے مشتاق ؟ انہوں نے برقعے میں ہونے کے باوجود انتہائی جھلائے ہوئے انداز میں سر ہلا کر کہا : میں کیا شجرے ساتھ لے کر پھرے ہوں ؟ ایسا زناٹے دار جواب تھا کہ ہم سناٹے میں آگئے ۔

نصیر جھمیا نے کیس کو مکمل ہاتھ میں لے لیا : تو اس میں کیا مسئلہ ہے دونوں مشتاقوں کے ہاں لئے جلتا ہوں باری باری ۔ یہ کہہ کر ایک قدم چلے اور مجھ سے بولے : تو بھی آ جا ۔ میں نہ چاھتے ہوئے بھی ساتھ ہو لیا ۔ میں جانتا تھا کہ اب صرف نصیر جھمیا بولیں گے ۔
ہم ساتھ ہو لئے ۔ نصیر جھمیا نے سلسلہ کلام جاری رکھا ۔ چلیں پہلے چلتے ہیں بھائی مشتاق کے ہاں ۔
خالو : جہاں پہلے لے چلو ۔ ہم تو پہلی بار آئے ہیں ۔
نصیر : پہلی بار آئے ہیں ۔ شکل دیکھی ہے ان کی ؟
خالو نے نفی میں سر ہلا دیا ۔
نصیر : وہ تو خیر میں بتا ہی دوں گا ۔ بس آپ ایک باری ان کا حلیہ بتا دو ۔
خالہ : ( جھلا کر ) تجھے سمجھ نہیں آتی ۔ ملے نہیں تو حلیہ کیسے بتا دیں ۔ کوئی خوابوں میں آئے تھے کیا ؟
میں نے نصیر جھمیا کا ہاتھ دبایا کہ ذرا ہلکا ہو جائیں مگر وہ کہاں ماننے والا تھا ۔
اب نصیر جھمیا نے دونوں مشتاقوں کی کہانیاں کھولنا شروع کیں : منے میاں مشتاق پہلے بالکل فٹ فاٹ تھے مگر جب سے شوگر ہوئی ہے ڈھیلے پڑ گئے ہیں ۔ ہاں ۔۔۔ تو جب پرہیز نہیں کرینگے تو یہی ہوگا ۔ نکڑ پر رئیس حلوائی کی دکان سے یہ شیرہ بھرے رس گلے کھاتے ہیں ۔ اتنا سمجھایا مگر ان کے کان پر جوں نہیں رینگتی ۔

خالو : دوسرے والے کون سے ہیں ؟
نصیر : بھائی مشتاق ۔۔۔ وہ ایک دم سیٹ ہیں لیکن ان کی اپنی بیوی سے نہیں بنتی ۔ شروع میں انہوں نے بھی بڑی زیادتی کی ۔ بیوی کو میکے ہی نہیں جانے دیتے تھے مگر زیادتی تو زیادتی ہوتی ہے ۔ ( کچھ لمحے خالہ کی طرف دیکھ کر دونوں کانوں کو ہاتھ لگایا اور ہلکے سے خالو کے کان میں) بیوی کا انتقام بڑا زوروں کا ہوتا ہے خالو ۔ ہورے گھر سے جھٹوادیا ہے ۔ آپ کو تو اندازہ ہوگا ۔ خالو نے اشارے سے نصیر جھمیا کو خاموش رہنے کا اشارہ کیا کہیں برقع ہوش اہلیہ نہ سن لیں ۔ نصیر جھمیا اپنے جملے کے نشے سے اور لہرا گئے ۔

چند سیکنڈ کی خاموشی کے بعد پھر بولے : خالو بتایا نہیں آنا کیسے ہوا ؟
اب خالہ سے برداشت نہ ہوا : تیرا ریڈوا بند ہو تو ہم بھی کچھ بولیں ۔ چپکا نہیں چل سکتا ذرا دیری ۔
خالو نے برقع کے اندر خالہ کا ہاتھ دبایا ۔ خالہ نے ہاتھ رکھتے ہی شوہر کو جھڑک دیا : ارے ہٹو بھی ۔ کیا ہاتھ کی چوڑیاں توڑ ڈالو گے ۔ نصیر جھمیا اور مجھے خالہ کی آتش سخنی کا بجوبی اندازہ ہو چلا تھا
اب سب خاموشی سے چل رہے تھے ۔ چلتے چلتے خالہ نے نصیر جھمیا سے پوچھا : کیا حیدر آباد لے جائے گا ؟
نصیر : مذاق کر رہی ہو خالہ ۔ آئے ہیں تو گھر کے دروازے تک تو جھوڑ کر آئیں ۔
خالہ ہوشیار تھیں ۔ نصیر جھمیا ان پر منکشف ہو چکے تھے ۔ اب خالہ نصیر جھمیا کی ہر نو بال پر جملوں کے ہرفیکٹ شاٹس کھیل رہی تھیں مگر نصیر جھمیا کا بڑ بتو پن رک نہیں رہا تھا ۔

خالہ : پہلے تو اپنا ج چ تو صحیح کر لے ۔ بڑا آیا چھوڑنے والا ۔
نصیر جھمیا نے یہ بات سنی ان سنی کردی : ابھی آگے مرزا خالو کی گلی آئے گی وہاں سے الٹے ہاتھ کو مڑیں گے تو حاجی سائیکل والا بیٹھا یوگا ۔
خالہ : تو کیا وہاں سے سائیکل پر جائیں گے ؟
نصیر : اب اتنی دور بھی نہیں ۔ وہاں سے ڈاکٹر صابر کا کلینک آئے گا بس اس سے ذرا آگے بھائی مشتاق کا گھر ہے ۔ (خالو سے) ایک بات کہوں اگر وہی مشتاق نکلیں تو ان کو کہنا رشید بھائی سے جو پھڈا ہوا اس کو بھول جائیں ۔ محلے داری میں کوئی اتنی ناراضگی تھوڑی جلتی ہے ۔
خالہ : تیری زبان بڑی قینچی کی طرح چلے ہے ۔ ہم ان سے ملنے آئے کہ صلح صفائی کرانے آئے ہیں ۔ بس یہیں سے پتہ بتا دے ۔ پوچھتے پاچھتے چلے ہی جائیں گے ۔
نصیر : ایسے کیسے بوجھتے باجھتے جلے جائیں گے ۔ ہمارے محلے آئے ہو ۔ گھر تک جھوڑنا تو ہمارا فرض بنتا ہے ۔
خالو : ابھی کتنی دور چلنا ہے ؟
نصیر : خالو ابھی سے تھک گئے ۔ کہو تو حاجی کی سائیکل لے آوں ۔ ہینڈل پر بیٹھ جانا ۔
خالہ : ( غصہ آگیا ) اپنی اور ان کی عمر دیکھ ۔ ہینڈل ہر بٹھائے گا ؟ ہینڈل کے بدلے سینڈل آئے گی ۔۔۔ سمجھا ۔
نصیر : (کھسیانے ہو گئے) میں تو خالو کی آسانی کے لئے کہہ رہا تھا ۔ ویسے اب گھر زیادہ دور نہیں ۔ اجھا ۔۔۔ ہاں خالو میں کہہ رہا تھا رشید بھائی والی بات ضرور کر لینا ۔ اب اگر ان کی لڑکی کو سعید پسند ہے تو ہونے دو ۔ کہیں تو اس کی شادی ہونی ہے ۔ اجھی بات ہے محلے کی لڑکی محلے میں رہے ۔
خالہ : اچھا کیا نام ہے ان کی لڑکی کا ؟
نصیر : ثریا ۔۔۔ پورے محلے کو پتہ ہے اس چکر کا
میں نے نصیر جھمیا کا ہاتھ دبایا چاھا تو غصے ہوگئے : ابے تو کیا میرا ہاتھ دبانے کے لئے آیا ہے ؟
خالہ نے ہلکے سے خالو کے کان میں کہا : یہ وہی بھائی مشتاق ہیں جہاں ہمیں جانا ۔

نصیر جھمیا چوڑے ہو گئے : کہا تھا ناں ۔ ہمیں ہر پتہ پتہ ہے گھر تک چھوڑ کر آتے ہیں ۔ اس دوران بھائی مشتاق کا گھر آگیا اور نصیر جھمیا نے ان کی بیل بجا دی ۔ مشتاق بھائی مشتاقانہ باہر نکلے اور خالو سے سوالیہ انداز میں لہک کر کہا : آپ دلشاد بھائی ؟ خالہ خالو اندر چلے گئے اور ہم دوبارہ بھائی مختار کی سیڑھیوں پر آکر بیٹھ گئے ۔
شام کی چائے کا وقت ہوا تو میں گھر چلا گیا ۔ باہر سے شور کی آواز آئی ۔ باہر آیا تو عجب تماشا دیکھا ۔ مشتاق بھائی کے لڑکے کے ہاتھ میں نصیر جھمیا کا گریبان اور پٹاخ پٹاخ کی بارش ۔ مجھے بڑا غصہ آیا کہ نصیر جھمیا تو ان کے مہمانوں کو گھر تک چھوڑ کر آئے اور اس کا صلہ چانٹوں سے ۔ نصیر جھمیا نے عجب امدادنہ نظروں سے مجھے دیکھا ۔ میں آگے بڑھنے والا تھا کہ ایک دوست نے روک دیا : تم بیچ میں نہ پڑو ۔ وہ خالہ خالو مشتاق بھائی کی لڑکی کے رشتے کے لئے آئے تھے ۔ میں نے اپنا سر پکڑ لیا اور پھر نصیر جھمیا کی وہ Olala ہوئی کہ بہت کچھ لال یو گیا ۔

No comments:

Post a Comment

عمر بڑھ جائے تو ایک محترمہ سے بچ کر رہیں . Article 91

Article # 91 رنج و مزاح  عمر بڑھ جائے تو ایک محترمہ سے بچ کر رہیں  تحریر : اظہر عزمی ہمارے ایک دوست بہت دلچسپ ہیں ۔ گفتگو میں آخر تک تجسس و ...